سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن نے مارگلہ ہلز میں جنگلی حیات کا عالمی دن منایا
ایس ایل ایف حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چترال کے کمیونٹی ممبران کے ساتھ مل کر مارگلہ ہلز اسلام آباد میں جنگلی حیات کا عالمی دن منایا۔
رپورٹ(عمرانہ کومل)
یہ دن اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہماری زندگیوں میں جنگلی حیات کا کردار کس قدر اہم ہے اور ہمیں جنگل اور جنگلی حیات کو اپنی آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ بنانے کے لئے کس قدر سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
جنگلی حیات کا عالمی دن ہمارے ارد گرد موجود نباتات اور حیوانات کے تنوع کا احترام کرنے اور انسانوں اور جنگلی حیات کے درمیان باہمی ربط کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔ دنیا بھر میں بڑی تعداد میں انسانی آبادی جنگلی حیات اور جنگلات پر مبنی وسائل سے رزق حاصل کر کے اپنی ضروریات زندگی کو پورا کررہے ہیں۔
اس اہم دن کو منانے کے لیے سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن نے “نیچر واک اینڈ ٹاک” کے عنوان سے ایک آگہی واک کا اہتمام کیا ہے – جس میں کشمیر، گلگت بلتستان اور چترال سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو جنگلی حیات اور قدرتی رہائش گاہوں کے تحفظ کی اہمیت کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے
پروگرام کے آغاز میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایس ایل ایف ڈاکٹر جعفر الدین نے جنگلی حیات کے عالمی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں جنگلی حیات کے تحفظ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
ایس ایل ایف کے ڈاکٹر شعیب حمید نے کیمرہ ٹریپنگ اور جنگلی حیات کی نگرانی کی تکنیکیوں سے آگاہ کیا ہے . جس میں جنگلی حیات کے تحفظ میں استعمال کیے جانے والے جدید طریقوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ شرکاء نے ان تکنیکی طریقوں کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور اپنے اپنے علاقوں میں جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے اٹھائے گئے انفرادی اور اجتماعی اقدامات کا بھی ذکر کیا۔
جنگلی حیات کے عالمی دن کے حوالے سے ایک پیغام میں ڈائریکٹر ایس ایل ایف ڈاکٹر محمد علی نواز کہتے ہیں موسمیاتی تبدیلیوں و گیسوں کے اخراج کو کم کرنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے حکومتی سطح پر سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی اہمیت و ضرورت پر زور دیا. انھوں نے کہا کہ ایس ایل ایف حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقعے پر بات چیت کرتے ہوۓ ڈپٹی ڈائریکٹر ایس ایل ایف ڈاکٹر جعفر الدین نے جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار روکنے اور ان کی افزائش نسل کو بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے . انھوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے ایس ایل ایف سائنسی تحقیق، آگاہی و تعلیم، اور کمیونٹی کے اشتراک پر مبنی اقدامات اٹھا رہا ہے۔
جنگلی حیات کادن منانے کا مقصد جنگلی حیات کا تحفظ اور ان کے تیزی سے بڑھتے ہوئے شکار کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔ ایس ایل ایف جنگلی حیات کا تحفظ کو یقینی بنانے اور شعور و آگہی پھیلانے کے لئے بر سر پیکار ہے۔