Uncategorized

حکومت کو تمباکو پر ٹیکس بڑھانے کے اپنے فیصلے پر ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے، ملک عمران

اضافی تمباکو ٹیکس حکومت کیلئے مزید آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے، ڈاکٹر ضیاء الدین

اسلام آباد(عمرانہ کومل) صحت عامہ سے منسلک سماجی کارکنوں نے حکومت کو تمباکو پر ٹیکس بڑھانے کے اپنے فیصلے پر ثابت قدم رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ قومی خزانے کو مزید اضافی ریونیو حاصل ہو سکے۔

 

سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف چائلڈ (سپارک) کے زیر اہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران صحت کے کارکنوں نے تمباکو پر ٹیکس لگانے پر ایک سمولیشن ماڈل پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ تمباکو پر ٹیکس میں اضافہ پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے جیت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز کے کنٹری ہیڈ ملک عمران نے کہا کہ ٹیکس کسی بھی حکومت کے لیے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے اور تمباکو جیسی غیر ضروری اشیاء پر زیادہ سے زیادہ ٹیکس لگانا ضروری ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ملک مالیاتی عدم توازن کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے ذکر کیا کہ فروری 2023 میں سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) میں اضافے کے حکومتی فیصلے کی وجہ سے مالی سال 23-2022 میں 11.3 بلین اضافی ایف ای ڈی ریونیو حاصل کیا گیا جو پچھلے سال کے مقابلے میں 9.7 فیصد زیادہ ہے۔ مزید برآں مالی سال 23-2022 میں اضافی 4.4 بلین ویلیو ایڈڈ ٹیکس ریونیو حاصل کیا گیا جو پچھلے سال کے مقابلے میں 11.5 فیصد زیادہ ہے۔ یہ اضافی 15.7 بلین ریونیو ہماری جی ڈی پی کا 0.201 فیصد بنتا ہے جو پاکستان جیسی مشکلات سے دوچار معیشت کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ ملک عمران نے مزید کہا کہ یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ٹیکسوں میں اضافہ معیشت کے لیے فائدہ مند ہے لیکن تمباکو کی صنعت غیر قانونی تجارت کا بہانہ بنا کر سب کو گمراہ کرتی ہے۔ عمران نے مزید کہا کہ لوگوں کو انڈر رپورٹنگ سے ہٹانے کے لیے غیر قانونی تجارت کے اعداد و شمار بڑھا چڑھا کر بتاتے ہیں ۔ یہ کمپنیاں اپنی پیداوار کو انڈر رپورٹ کرتی ہیں اور پھر اپنی غیر رپورٹ شدہ مصنوعات کو غیر قانونی مارکیٹ میں فروخت کرتی ہیں جس سے قومی خزانے کو اربوں کا نقصان ہوتا ہے۔
اس موقع پر ٹوبیکو کنٹرول سیل وزارت صحت کے سابق ٹیکنیکل ہیڈ ڈاکٹر ضیاء الدین نے کہا کہ تمباکو پاکستان میں سب سے بڑا خاموش قاتل ہے کیونکہ ہر سال 170,000 سے زائد افراد تمباکو کے استعمال کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ اس وباء کی وجہ سے سالانہ 615 ارب کا معاشی بوجھ بھی پڑتا ہے جو کہ پاکستان کی جی ڈی پی کا 1.6 فیصد ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ قیمتوں میں اضافہ پیداوار اور استعمال میں کمی لاتا ہے جس سے صحت کی لاگت کا بوجھ کم ہوتا ہے۔ تخمینوں کے مطابق، گزشتہ سال کے مقابلے مالی سال 2022-23 میں سگریٹ کی اعلان کردہ پیداوار میں 31.7 فیصد کمی آئی ہے۔ اس مثال سے سیکھتے ہوئے، جس کی عالمی ادارہ صحت کی طرف سے بھی سفارش کی گئی ہے، پاکستان کو چاہیے کہ وہ باقاعدگی سے ٹیکسوں میں اضافہ کرے تاکہ مہنگائی اور فی کس آمدنی کو مدنظر رکھا جا سکے اور پاکستانی تمباکو کی مصنوعات کے نقصانات سے محفوظ رہیں۔ تقریب کے میزبان اور سپارک کے پروگرام مینیجر خلیل احمد ڈوگر نے کہا کہ پاکستان کے بچوں کو تمباکو کی صنعت کی جانب سے نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ “متبادل تمباکو نوشی کرنے والوں” کو بھرتی کیا جا سکے۔ 6 سے 15 سال کی عمر کے تقریباً 1200 پاکستانی بچے روزانہ سگریٹ نوشی شروع کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اوسطاً پاکستانی سگریٹ نوشی اپنی ماہانہ آمدنی کا 10 فیصد سگریٹ پر خرچ کرتے ہیں۔ اس لیے بڑھتی ہوئی قیمتیں ان قاتل مصنوعات کو بچوں اور کم آمدنی والے گروہوں کی قوتِ خرچ سے دور رکھنے کا سب سے مؤثر ذریعہ بنی ہوئی ہیں۔ خلیل نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر اپنے بچوں اور نوجوانوں کو تمباکو کے نقصانات سے بچانے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ تمباکو پر ٹیکسوں میں اضافہ ایک ایسا قدم ہے جس پر باقاعدگی سے عمل درآمد ہونا چاہیے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button